جموں //چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے چیف جسٹس کورٹ روم میں جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر جسٹس وسیم صادق نرگل کو عہدے کا حلف دِلایا۔جموں میںحلف برداری کی تقریب میں جسٹس اتل شری دھرن، جسٹس راجیش اوسوال، جسٹس وِنود چٹرجی کول، جسٹس پونیت گپتا، جسٹس راہل بھارتی اور جسٹس رئیس سیکھری نے شرکت کی جبکہ جسٹس تاشی ربستن، جسٹس سنجیو کمار، جسٹس سندھو شرما، جسٹس سنجے دھر، جسٹس جاوید اِقبال وانی، جسٹس محمد اکرم چودھری، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی اور جسٹس محمد یوسف وانی نے سری نگر سے بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب کی نظامت کے فرائض رجسٹرار جنرل شہزاد عظیم نے انجام دی جنہوں نے مرکزی حکومت وزارتِ قانون و انصاف، محکمہ انصاف (تقرری ڈویژن) سے موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کے مندرجات، صدر جمہوریہ ہند کی طرف سے جاری کردہ تقرری کے وارنٹ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے جاری کردہ اِجازت نامے کے اِقتباسات کو پڑھا جس میں چیف جسٹس کو جسٹس وسیم صادق نرگل کو عہدے کا حلف دِلانے کا اِختیار دیا گیا۔ تقریب میں ہائی کورٹ کے ایک سابق جج، ایڈوکیٹ جنرل، اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل آف اِنڈیا جموں، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، صوبائی کمشنر جموں، سیکرٹری محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور، پرنسپل ڈِسٹرکٹ جج جموں، مختلف بارز کے ممبران، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے دیگر افسران کے علاوہ رجسٹری کے افسران اور عملہ بھی موجود تھے۔
37