14

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں پہلی بار بین الاقوامی میراتھن کے فاتحین کو مُبارک باد دی

کہا،وزیر اعظم نریندر مودی کے عزم نے جموںوکشمیر کو تبدیل کرنے اور اَمن قائم کرنے کیلئے اِس طرح کے بین الاقوامی پروگراموں کی میزبانی کو ممکن بنایا ہے
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں کشمیر میں پہلی بین الاقوامی میراتھن’ کشمیر میراتھن ‘کے فاتحین کو مبارک باد دی۔ملک بھر اور 12 غیر ملکی ممالک سے زائد اَز1,700 رنروں نے 42 کلومیٹر فل میراتھن اور 21 کلومیٹر ہاف میراتھن میں حصہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں تمام فاتحین اور شرکأ کو مُبارک باد پیش کی ۔ اُنہوں نے’ کشمیر میراتھن‘ کی بڑے پیمانے پر کامیابی کے لئے محکمہ سیاحت ، جموں و کشمیر پولیس ، سیکورٹی فورسز ، محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود اور تمام شراکت داروں کی کوششوں کی ستائش کی۔اُنہوں نے کہاکہ اِس کامیاب میگا ایونٹ نے جموں و کشمیر کو دُنیا کے میراتھن نقشے پر رکھ دیا ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے اِس موقعہ کو جموں و کشمیر کے لئے ایک اور تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیرکی مکمل تبدیلی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کیا جس نے اِس طرح کے بین الاقوامی پروگراموں کی میزبانی کو ممکن بنایا ہے۔اُنہوں نے کہا ،’’ وزیر اعظم کی فیصلہ کن قیادت اور جموں و کشمیر میں امن و امان کی بحالی نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ لوگ بین الاقوامی کرکٹ میچوں ، فارمولا 4 ریس سے لطف اندوز ہوسکیں اور جی۔ 20 سمٹ اور بین الاقوامی یوگا ڈے جیسے عالمی ایونٹ کی میزبانی کرکے فخر محسوس کرسکیں۔‘‘منوج سِنہا نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں سیاحوں کی ریکارڈ آمد جموں و کشمیر میں امن ، ترقی اور خوشحالی کا ثبوت ہے۔اُنہوںنے یہ بھی اعلان کیا کہ بہت جلد ’جموں میراتھن‘ کا اِنعقاد’ کشمیر میراتھن‘ کی طرح کیا جائے گا
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنی مثالی آب و ہوا، شاندار ثقافتی ورثہ، مہمان نوازی اور قدرتی خوبصورتی کے ساتھ جموں و کشمیر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لئے ایک ترجیحی مقام کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں سری نگر اور جموں میں سگنیچر رننگ ایونٹس دنیا بھر سے رنروںکو اکٹھا کر کے سیاحت کی حوصلہ افزائی کریں گے۔اِس موقعہ پر بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے کہا کہ میں اِس تاریخی دِن کا حصہ بننے کا موقعہ پاکر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر مہمان نوازی اور قدرتی خوبصورتی کے لئے مشہور ہے،مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ میراتھن جیسے بین الاقوامی مقابلوں کے لئے نمبر ایک عالمی مقام بن جائے گا۔
جموں کشمیر میں مزید فلمیں لانے کی کوشش کی جائے گی۔اعزازی تقریب میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، کمشنر سیکرٹری محکمہ سیاحت محترمہ یشا مدگل،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری،سینئر افسران، ممتاز شہریوں، کھلاڑیوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں