12

کشمیر میں اسسٹنٹ سرجن کی 270 آسامیاں، 1590 پیرا میڈیکس خالی

محکمہ تمام کمیونٹی ہیلتھ سینٹرس میں ڈائیلاسز یونٹس قائم کرنے کے عمل میں ہے/ سکینہ ایتو
سرینگر // جموں و کشمیر کی حکومت نے کہا کہ کشمیر ڈویژن میں محکمہ صحت میں اسسٹنٹ سرجن کی 270 آسامیاں اور پیرا میڈیکس کی 1590 آسامیاں خالی ہیں جن کو پُر کرنے کیلئے حکومتی سطح پر کوششیں جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی ڈاکٹر شفیع احمد وانی کے ایک سوال کے جواب میں محکمہ صحت اور طبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ کشمیر ڈویژن میں محکمہ صحت میں اسسٹنٹ سرجن کی 270 آسامیاں اور پیرا میڈیکس کی 1590 آسامیاں خالی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جموں کشمیر کے صحت کے شعبہ کو بڑھاوا دینے کیلئے پُر عزم ہے اور محکمہ تمام کمیونٹی ہیلتھ سینٹرس (سی ایچ سی) میں ڈائیلاسز یونٹس قائم کرنے کے عمل میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماگام اور بیرواہ کے سی ایچ سی میں مرحلہ وار ڈائیلاسز یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ایتو نے کہا ’’ 1736 اسسٹنٹ سرجنوں کی کل منظور شدہ تعداد میں سے1,466 پوزیشن پر ہیں اور 270 کشمیر میں خالی ہیں۔ پیرا میڈیکل اسٹاف کے بارے میں، 4,218 منظور شدہ تعداد میں سے، 2,628 اسامیوں پر ہیں اور 1,590 خالی ہیں۔ ‘‘ وزیر نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران بھرتی ہوئی میڈیکل آفیسرس کی اسامیوں میں 2023 میں 52 اور 2024 میں 226 تقرریاں شامل ہیں۔انہوں نے کہا ’’ صحت کے مراکز/انسٹی ٹیوٹ کی اپ گریڈیشن انڈین پبلک ہیلتھ اسٹینڈرڈس کے اصولوں کے مطابق کی جاتی ہے۔ متعلقہ حلقوں سے فزیبلٹی رپورٹس طلب کی جاتی ہیں، اور اگر رپورٹیں IPHS کے اصولوں سے مطابقت رکھتی ہیں تو تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ ‘‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں