کپواڑہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ضلع میں کووڈ 19 کنٹین منٹ میشوں ( سی سی ایم ) کا جائزہ لینے کیلئے کپواڑہ کا دورہ کیا ۔ اس کے علاوہ درگمولہ میں کووڈ کئیر سنٹر کا بھی معائینہ کیا ۔ مشیر نے ضلع انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کا مشترکہ اجلاس طلب کیا اور کووڈ 19 کے کنٹین منٹ اقدامات ، ان سے رائے اور مشوروں سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گفتگو کی ۔ چیئر مین ضلع ترقیاتی کونسل عرفان سلطان پنڈتپوری ، وائیس چیئر پرسن ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر ، ڈپٹی کمشنر کپواڑہ امام الدین ، ڈی ڈی سی ممبران ، اے ڈی سی نذیر احمد لون ، بی ڈی سی چئیر پرسن ، صدر ایم سی کپواڑہ ، ہندواڑہ اور مذہبی رہنماؤں کے نمائندوں نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ مشیرموصوف نے کووڈ وبائی مرض کے بارے میں کہا کہ اس خوفناک وائیرس کے خلاف جنگ مقامی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون کی کوشش ہے ۔ انہوں نے اس وباء سے نمٹنے کیلئے تعاون کی اپیل کی ۔ مشیر نے وبائی امراض سے متعلق افواہوں اور غلط فہمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے صحیح معلومات پھیلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ بصیر خان نے کہا کہ ایل جی ہر محکمہ کی کارکردگی کا روزانہ جائیزہ لے کر صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں ۔ مشیر نے کہا کہ ضلع کا دورہ کرنے کا مقصد زمینی صورتحال کا ذاتی طور پر جائیزہ لینا تھا ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر کپواڑہ امام الدین نے مشیر کو ضلع میں کووڈ مخالف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ کووڈ کئیر سینٹر( سی سی سی ) کے قیام کے بارے میں مشیر کو بتایا گیا کہ 385 پنچایت حلقوں میں سے 325 سی سی سی کو فعال کیا گیا ہے ۔ مشیر کو بتایا گیا کہ اس وقت کووڈ ہسپتال کپواڑہ میں ایک نیا آکسیجن پلانٹ کام کر رہا ہے جس میں 1000 لیٹر فی منٹ کی گنجائش ہے ۔ مشیر نے بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین کا کافی ذخیرہ آ چکا ہے اور انتظامیہ کو جارحانہ انداز میں ٹیکہ لگانے کی مہم کو آگے بڑھانا چاہئیے ۔ انہوں نے خانہ بدوشوں کیلئے خصوصی ٹیسٹنگ ڈرائیو کی ہدائت دی ۔ چئیر مین ڈی ڈی سی ، وائس چئیر مین ڈی ڈی سی ، ڈی ڈی سی ممبران ، دیگر پی آر آئی اور شرکاء نے بھی اپنے مطالبات اور مانگیں پیش کیں ۔ وفود اور تاجروں ، ٹرانسپورٹروں اور مذہبی رہنماؤں نے مشیر سے وادی کے ہر گوشے تک پہنچنے کیلئے اظہارِ تشکر کیا ۔ اس سے قبل کپواڑہ جاتے ہوئے مشیر نے درگمولہ میں کووڈ کئیر سینٹرکا معائینہ کیا ۔
59