-- 34

حج کے دوران شدید گرمی کے باعث تاحال 1000سے زائد عازمین کا انتقال

کشمیر سے تعلق رکھنے والے 5حجاج سمیت بھارت کے 65عازمین فوت ہوئے

سرینگر//حج2024 کے دوران ابھی تک کم از کم 1000عازمین جاں بحق ہوگئے، جو اس سال شدید درجہ حرارت کی وجہ سے حج میں درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتا ہے۔حج کا فریضہ انجام دینے کے دوران مرنے والوں میں بھارت کے 65عازمین شامل ہیں جبکہ ان میں سے 5کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جن میں میاں بیوی بھی شامل ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق حج کے دوران کم از کم 1000 عازمین جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ فوتگی میں اضافہ ہوگا ۔ اس ضمن میں دو عرب سفارت کاروں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 323 مصری شامل ہیں، جن میں سے زیادہ تر گرمی سے متاثر ہوئے تھے۔سفارت کاروں میں سے ایک نے بتایا کہ وہ تمام (مصری) گرمی کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے سوائے ایک کے جو ہجوم میں زخمی ہونے کے باعث انتقال کرگئے، ایک سفارت کار نے مزید کہا کہ کل تعداد مکہ کے المعیسم محلے میں واقع ہسپتال کے مردہ خانے سے موصول ہوئی ہے۔سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ اس میں کم از کم 60 اردنی باشندے بھی جاں بحق ہوگئے، جو کہ عمان کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے 41 کی سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہے۔مرنے والے عازمین میں 65کا تعلق ہندوستان سے ہے اور جبکہ ان میں سے پانچ کشمیر کے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس بیچ معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے 33عازمین بھی فوت ہوچکے ہیں ۔ قبل ازیں منگل کو مصر کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ قاہرہ حج کے دوران لاپتہ ہونے والے مصریوں کی تلاش کے لیے سعودی حکام کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔اگرچہ وزارت کے ایک بیان میں چند افراد کے انتقال کا ذکر کیا گیا ہے لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ان میں مصری شہری بھی شامل ہیں یا نہیں۔سعودی حکام نے گرمی سے متاثرہ 2 ہزار سے زائد حاجیوں کے علاج کرنے کی اطلاع دی تھی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال حج کے دوران مختلف ممالک کی جانب سے کم از کم 240 زائرین کی موت کی اطلاع دی گئی تھی، جن میں زیادہ تر انڈونیشیائی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں