257کروڑ روپے واگزار،299سڑکوں اور28پلوں کی تعمیر پہلے ہی مکمل
سرینگر//مرکز نے جموں و کشمیر میں وزیر اعظم دیہی سڑک یوجنا کے تحت سڑکوں کی تجدید و تعمیر کے لیے 230کروڑ روپے کے پیکیج کو واگزار کیا ہے جبکہ مرکزی زیر انتظام خطے کی انتظامیہ نے بھی25کرورڑروپے کی رقم بطور یو ٹی حصص پیشگی میں واگزاری کو منطوری دی ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر میں وزیر اعظم دیہی سڑک یوجنا کے تحت سرکار نے سال2024-25 میں صرف کرنے کیلئے زائد از230کروڑ روپے کی رقم کو علیحدہ علیحدہ حکم ناموں کے تحت واگزار کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر کے لیے پی ایم جی ایس وائی سوم پروگرام کے تحت کل 233 سڑک پراجیکٹوں جو 1,750 کلومیٹر پر محیط ہیں اور ان سڑکوں کے صف بندی میں آنے والے 66 پلوںکی تجدید کیلئے 2,245.46 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے پہلے ہی منظوری دی گئی ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے سیکریٹریی پھوپیندر کمار کی جانب سے جاری ایک آرڈر کے تحت180کروڑ روپے جبکہ دوسرے آرڈر کے تحت51کروڑ67لاکھ روپے کی رقم کو واگزار کیا۔ سیکریٹری تعمیرات عامہ کا کہنا ہے مرکزی وزارت خزانہ کی جانب سے مرکزی معاونت کے تحت یہ رقم محکمہ وزارت دیہی ترقی کو جموں کشمیر میں وزیر اعظم دیہی سڑک یوجنا( پروگرام فنڈ) کیلئے180کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں،جو محکمہ دیہی ترقی نے جموں کشمیر کو واگزار کئے۔ سیکریٹری تعمیرات عامہ نے اس حکم نامہ میں بتایا کہ یہ رقم محکمہ تعمیرات عامہ کے ڈائریکٹر فائنانس کو پیشگی میں واگزار کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح کے ایک اور حکم نامہ میں جموں کشمیر کو پی ایم جی ایس وائی کیلئے51کروڑ67لاکھ روپے کی رقم واگزار کی گئی ہے۔مجموعی طور پر سال2024-25کیلئے جموں کشمیر کو اس مد میں231کروڑ67لاکھ روپے کی رقم اب تک مل گئی ہے۔ ان رقومات کو صرف کرنے کے عمل کو مشروط رکھا گیا ہے۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ یہ.فنڈس اسی مقصد کے لیے استعمال کیے جائیں گے جس کے لیے انہیں واگزار کیا گیا جبکہ اس سلسلے میں تمام کوڈل لوازمات کو مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سیکریٹری تعمیرات عامہ بھوپیندر کمار نے کہا’’ محکمہ کے ڈائریکٹر فنانس متعلقہ مد کے تحت فنڈس کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے اور اگر پیشگی ادائیگی اگر کوئی کی جائے تو، اصل ادائیگی کے واگزاری سے پہلے مناسب طور پر محفوظ اور مناسب طریقے سے ضمانت دی جانے چاہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مذکورہ کام کو شروع کرنے سے پہلے مجاز اتھارٹی سے تکنیکی منظوری وانتظامی منظوری حاصل کرنی ہوگی اور یہ اخراجات اسکیم کے رہنما خطوط اور متعلقہ وزارت کے منظور شدہ گائڈ لائنز میں درج شرائط کے مطابق سختی سے عمل میں لائی جانی چاہے۔ سرکار نے مزید کہا ہے کہ اس مد پر خرچ ہونے والے اخرجات کو محکمہ تعمیرات عامہ کے شعبہ جات،مرکزی معاونت والی سڑکوں اور پلوں،ریاستی شاہرائوں،سرمایہ کاری، کے ذیلی مدوں کے تحت خرچ کیا جاے گا۔محکمہ تعمیرات عامہ نے اس سلسلے میں25کروڑ25 لاکھ روپے کی رقم بطور یو ٹی حصہ داری پیشگی میں ہی واگزار کرنے کو منظوری دی ہے۔تعمیرات عامہ کے سیکریٹری پھوپیندر کمار نے بتایا کہ یہ رقم وزیر اعظم دیہی سڑک یوجنا میں یوٹی حصص کے طور پر واگزار کرنے کی منطوری دی گئی ہے،تاہم انکا کہنا تھا کہ ان رقومات کو سختی کے ساتھ اسکیم کی گائڈ لائنز کے تحت صرف کیا جانا چاہے۔محکمانہ ذرائع کے مطابق امسال جموں کشمیر میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت42 سڑکوں کے علاوہ3بڑے پلوں کو مکمل کرکے9علاقوں کو جوڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر35.7کلو میٹر سڑکوں کو مکمل کیا گیا۔ محکمانہ ذرائع نے مزید کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران جموں کشمیر میں کل299سڑکوں کو مکمل کرکے926.60کلو میٹر سڑکوں کو پائی تکمیل تک پہنچایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ2023-24کے دوران28لمبے پلوں کو مکمل کرکے24علاقوں کو آپس میں جوڑ دیا گیا۔
52