سرینگر// وادی کشمیر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بازاروں میں تازہ سبزیوں کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے جس کے سبب عام صارف کے لئے سبزیاں خریدنا کافی مشکل ہو گیا یے-وائس آف انڈیا کے مطابق روز مرہ کی زندگی میں استعمال ہونے والی سبزیاں جیسے ٹماٹر، پھول گوبی، کدو، ساگ فراش بین و دیگر سبزیاں 100 روپئے سے زائد فی کیلو فروخت ہو رہی ہیں، جسے خرید پانا ایک غریب صارف کے بس کی بات نہیں ہے۔اگرچہ وادی کشمیر میں موسم سرما کے دوران سبزیوں کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ دیکھنے کو مل رہا تھا، تاہم رواں برس موسم بہار اور گرما میں بھی سبزیوں کے دام آسمان چھو رہے ہیں۔ رواں موسم میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں سبزیوں کی کاشتکاری عروج پر ہوتی ہے، جس سے مارکیٹ میں سبزیاں وافر مقدار میں پہنچ جاتی ہیں اور سبزیوں کی قیمتیں اعتدال میں رہتی تھیں لیکن آج مارکیٹ میں موجود تازہ سبزیوں کے دام مسلسل بڑھ رہے ہیں جس نے عام لوگوں کو پریشان کر دیا ہے۔وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے سبزی اور فروٹ ٹریڈرس ایسو سی ایشن اننت ناگ کے صدر رائس احمد خان نے کہا کہ مسلسل خشک سالی کی وجہ سے سبزیوں کی کاشتکاری پر اثر پڑا ہے۔ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ اور طویل وقت سے بارشیں نہ پڑنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں سبزیوں کے کھیت سوکھ گئے ہیں۔ وہیں ملک کی کئی ریاستوں میں سیلاب آنا بھی اس کی ایک وجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امرناتھ یاترا کے لئے کی جانے والی مسلسل سپلائی سے سبزیاں حسب ضرورت عام مارکیٹ تک پہنچ نہیں پا رہی ہیں۔ سبزیوں کی جو مقدار بازاروں میں پہنچ جاتی ہیں اس سے مانگ پوری نہیں ہوتی ہے جس کے نتیجہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے لئے بازاروں سے تازہ سبزیاں خریدنا کافی مشکل ہوگیا ہے، جس قدر سبزیوں کے دام چل رہے ہیں وہ ایک عام صارف کے گزارہ سے باہر ہے، سبزی فروشوں کی من مانی کھلے عام جاری ہے جس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
47