6

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے لوگوں کی شکایات سنیں

سری نگر میں’ رابطہ پبلک آئوٹ ریچ آفس‘میں وفود اور اَفراد سے بات چیت کی
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے متعدد وفود سے ملاقات کی اور سماج کے مختلف شعبوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اَپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اِن باتوں کا اِظہار اُنہوں نے ’رابطہ آفس ‘ میں عوامی رابطہ پروگرام کے دوران کیا ۔عوامی رابطہ پروگرام میں کشمیر کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے وفود اور اَفراد نے اَپنے مسائل اور مطالبات وزیر اعلیٰ کو گوش گزار کئے۔وزیراعلیٰ نے تعلیم، کاریگر، لیبر اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں کے نمائندوں سمیت مختلف شراکت داروںسے استفساری گفتگو کی جنہوں نے فوری توجہ کی ضرورت والے مسائل کو اُجاگر کیا۔وفود میں جموں و کشمیر کالج ٹیچرس ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سے جموں و کشمیر میں کالج اَساتذہ کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے مطالبے پر غور کرنے کی اپیل کی۔مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دستکاروں پر مشتمل کشمیری شال میکرز ویلفیئر فاؤنڈیشن نے شال بنانے کے روایتی کاروبار کو درپیش چیلنجوں کو اُجاگر کیا اور اُن کی روزی روٹی کے تحفظ کے لئے حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔اِسی طرح ہاٹ مکس پلانٹ اونرس کے پانچ رُکنی وفد نے وزیراعلیٰ کو اُن کی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بروقت مداخلت کی درخواست کی۔جموں و کشمیر کیجول لیبرز یونائیٹیڈ فرنٹ نے اَپنے ریاستی صدر کی قیادت میں عارضی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے بارے میں تشویش کا اِظہار کیا جبکہ فزیوتھراپسٹوں کے وفد نے وزیراعلیٰ کو سیکٹر سے متعلق چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا جن کے اَزالے کی ضرورت ہے۔ہیلتھ ورکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اُن کے صدر کی سربراہی میں ہیلتھ کیئر کے پیشہ ور اَفراد کو متاثر کرنے والے مسائل پیش کئے اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (اِی جے اے سی) نے ملازمین کی فلاح و بہبود کو جامع طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔گاندربل اور جنوبی کشمیر کے سوبھاگیہ ٹھیکیداروں کے ایک وفد نے سوبھاگیہ سکیم کے تحت منصوبوں کی عمل آوری میںحائل رُکاوٹوں کو دُور کرنے کے لئے حکومت کی مدد طلب کی۔عوامی رابطہ پروگرام میں متعدد اَفراد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کیا اور اُنہیں متعدد مسائل کی بہتری کے لئے شکایات اور تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ نے تمام وفود اور اَفراد کو بغور سنا اور وفود کو یقین دِلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر سٹی سینٹر لال چوک اور دیگر علاقوں کی مختلف بازار کمیٹیوں کے تاجروں کے ایک مشترکہ وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔وفد نے وزیراعلیٰ کو لال چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، پولو ویو، ریگل چوک، مائسمہ، کورٹ روڈ اور شہر کے دیگر علاقوں کی تاجرکمیونٹی کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے وزیراعلیٰ کو مطالبات کی ایک یادداشت بھی پیش کی ۔وزیراعلیٰ نے وفد کویقینی دِلایا کہ جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں