13

ہندوستانی کھلاڑیوں کو چمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا ملا انعام، کوہلی سمیت کئی پلیئرس کی وَنڈے رینکنگ میں بہتری

چمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ فائنل مقابلے میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستانی کپتان روہت شرما نے 76 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی تھی، اس کے باوجود ان کی رینکنگ میں کوئی سدھار نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے خلاف شاندار سنچری سمیت ٹورنامنٹ میں 218 رن بنانے والے وراٹ کوہلی کو فائدہ ملا ہے۔ آئیے ذیل میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ چمپئنز ٹرافی کے بعد ٹیموں کی رینکنگ، بلے بازی اور گیند بازی میں کتنا بدلاؤ ہوا۔ ہندوستانی ٹیم چمپئنز ٹرافی سے قبل بھی ون ڈے رینکنگ میں پہلے مقام پر قائم تھی۔ ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد بھی ہندوستانی ٹیم 122 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر برقرار ہے۔ 110 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر اور ٹورنامنٹ میں ناقص کرکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستانی ٹیم 106 پوائنٹس کے ساتھ اب بھی تیسرے نمبر پر قائم ہیں۔ چوتھے اور پانچویں مقام پر بالترتیب نیوزی لینڈ اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں ہیں۔ون ڈے کی بلے بازی رینکنگ میں وراٹ کوہلی کو فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے چمپئنز ٹرافی 2025 میں کُل 218 رن بنائے ہیں، جس کا انہیں فائدہ ملا اور اب وہ ایک مقام کے فائدے کے ساتھ چوتھے مقام پر آ گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 180 رن بنانے والے روہت شرما کو 2 مقام کا نقصان ہوا ہے، اب وہ تیسرے سے پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ وہیں ہندوستانی سلامی بلے باز شبھمن گل ون ڈے رینکنگ میں اب بھی ٹاپ پر بنے ہوئے ہیں۔ شریئس ایئر بھی ایک مقام کے فائدے کے ساتھ 8ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
چمپئنز ٹرافی 2025 میں محمد شامی اور ورون چکرورتی نے زبردست گیند بازی کرتے ہوئے مشترکہ طور پر 18 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ون ڈے رینکنگ کے ٹاپ 10 گیند بازوں میں صرف ایک ہندوستانی گیند باز کلدیپ یادو شامل ہیں۔ کلدیپ یادو کو 3 مقام کا نقصان ہوا ہے، اب وہ چھٹے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ محمد شامی 3 مقام کے فائدے کے ساتھ 11 ویں مقام پر آ گئے ہیں۔ ورون چکرورتی نے ہندوستانی گیند بازوں میں سب سے لمبی چھلانگ لگائی ہے، وہ 143 مقام کی لمبی چھلانگ کے بعد ون ڈے گیند بازی رینکنگ کے ٹاپ 100 میں شامل ہو گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں